بچے اتنے کمزور نہیں ہیں جتنے آپ سوچتے ہیں۔ وہ صرف کھیل میں دلچسپی نہیں رکھتے، بلکہ معاشرے اور اس کے مستقبل میں حصہ ڈال سکتے ہیں۔ یہ خاص طور پر جنگ کے دوران پیدا ہونے والے بچوں کے بارے میں سچ ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ آج کل کتنے بچے اپنے کنبے کی دیکھ بھال کر رہے ہیں؟ کتنے بچے زندہ رہنے کے لیے اپنے آپ کو اپنے پیاروں سے دور کر لیتے ہیں؟ ان میں سے کتنے بچے اپنے والدین کو کھو چکے ہیں، یتیم ہوگئے ہیں اور اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کے سرپرست بننے پر مجبور ہوچکے ہیں؟. کتنے بچے ہتھیار اٹھانے اور بغیر مرضی کے لڑنے پر مجبور ہیں؟آ ج کے بچے محض بچے نہیں ہیں۔ وہ مرد، جنگجو اور خاندانوں کے سرپرست ہیں۔
میں آپ کو اپنے بچپن کی کہانی سناتا ہوں۔ میں وہ شخص ہوں جو کبھی نہیں جانتا تھا کہ بچپن کا مطلب کیا ہوتا ہے، لیکن معاشی مشکلات اور معاشرتی حالات کے باوجود میں نے ایک بار بھی امید نہ چھوڑی۔ میں ملک کے ایک چھوٹے سے گاؤں قمیشلی (خیربیت التب) میں پیدا ہوا تھا۔ میں نہیں جانتا تھا کہ کھیلنے کا مطلب کیا ہوتا ہے یا خوش ہونا کیا ہوتا ہے۔ مجھے ابھی تک نہیں معلوم کہ بچپن کا کیا مطلب ہے، گویا میں غلط وقت پر پیدا ہوا ہوں۔
میں اب ایک نوجوان ہوں، جس کو زندگی اور جنگ نے اسکول جانے کے ساتھ ساتھ اپنے کنبے کی کفالت کے لئے بارہ سال کی عمر سے ہی ملازمت کرنے پر مجبور کردیا۔
میں نے اپنے بچپن کے سال اپنے والد، والدہ اور بہن بھائیوں کے لئے قربان کردیئے تھے کیونکہ شام کی جنگ نے میرے والد کو مجھ سے چھین لیا تھا، جو بغیر نوکری کے ہماری ہر ضرورت کو پورا کرتے تھے۔ میرے دو معذور بھائی ہیں، جن کی مجھے دیکھ بھال کرنی پڑتی ہے اور ایک تیسرا بھائی، جو جنگ کے آغاز سے ہی لاپتہ ہے اور جس کے بارے میں کسی کو کچھ نہیں پتہ ہے۔ میں وہ واحد ہوں جو کنبہ کی مدد اور امداد کرتا ہوں، حالانکہ میں سب سے کم عمر ہوں۔
مجھے اپنے آنسوؤں اور اداسیوں کو چھپانا پڑا اور اپنے بچپن کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنا پڑا۔
مجھے یہ اپنے والد، والدہ اور بھائیوں کے لیے کرنا پڑا تاکہ انہیں کسی اور پر انحصار نہ کرنا پڑے۔
میں نے جو بھی نوکری دستیاب تھی وہ کیا۔ میں صبح اسکول گیا ، دوپہر میں کام کیا اور رات کو تعلیم حاصل کی۔
مجھے جو بھی نوکری ملی وہ میں نے کی۔ میں صبح اسکول جاتا، دوپہر میں کام کرتا اور رات کو پژھتا۔
بالکل اسی طرح تھی میری زندگی۔ میں بھول گیا تھا کہ میں بچہ تھا، بس میں یہ چاہتا تھا کہ اپنے پیاروں کو مسکراتے ہوئے دیکھوں اور میں ان مشکلات کے باوجود کامیاب ہوگیا۔
میں خوش تھا، لیکن جنگ اور قسمت نے مجھے اس زندگی سے بھی لطف اندوز ہونے سے روک دیا۔ جنگ نے مجھے اپنی تمام مشکلات کو پیچھے چھوڑ کر اپنے ملک اور اپنے کنبہ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرنے پر مجبور کردیا۔ جب میں 15 سال کا تھا تو میں نے اپنا ملک چھوڑ دیا تھا۔
میں نے ترکی جانے کا فیصلہ کیا۔ جیسا کہ آپ سب جانتے ہو کہ غیر قانونی طور پر سفر کرنے کا یہی ایک واحد راستہ ہے۔
میں نے ایک نہ ختم ہونے والا راستہ اختیار کیا، اس دوران میں نہیں جانتا تھا کہ میں زندہ رہوں گا یا ہلاک ہوجاؤں گا۔ میں نے ترکی جانے کی تین ناکام کوششیں کیں، تینوں پیدل ہی کیں۔ ہم روزانہ چھ سے آٹھ گھنٹے پیدل چلتے تھے، لیکن ترک فوجیوں نے ہمیں ہر بار گرفتار کیا۔ انہوں نے ہم پر تشدد کیا، ہمیں مارا، پھر ہمیں شام واپس بھیج دیا۔
میں چوتھی کوشش میں ترکی پہنچنے میں کامیاب ہوگیا لیکن ترکی سفر کا اختتام نہیں تھا۔ مجھے یورپ اور یونان جانا پڑا۔ میں نے یونان میں پیدل داخل ہونے کی دو کوششیں کی لیکن یونانی فوجیوں نے ہمیں گرفتار کر کے ترکی واپس بھیج دیا۔
ہم جنگل میں سوتے، کیڑے کھاتے اور سردی اور بارش میں لاتعداد راتیں گزارتے تھے! ہم درختوں کے نیچے سوراخوں میں چوہوں کی طرح چھپ جاتے۔ہم سامان کی طرح تھے، خریداروں اور بیچنے والوں کے ذریعے پابند تھے۔ اسمگلر ایک دوسرے سے کہتے تھے “اس ٹکڑے کے کتنے دام ہے؟” وہ جانوروں کی طرح انسانی زندگیوں کا سودا کرتے تھے۔
آخر میں، میرے پاس “موت کی کشتیاں” آزمانے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں تھا۔ میں یونان پہنچنے کی امید میں ایک کشتی پر سوار ہوا۔ اس کشتی کے بارے میں میں جو بھی کہوں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، آپ کبھی بھی خوف کا احساس نہیں کر سکتے ہیں اور نہ ہی دہشت کا سامنا کر سکتے ہیں، کیوں کہ اس کے بارے میں سننا ایک بات سی ہے اور آہستہ آہستہ اس اذیت میں زندگی گذارنا ایک الگ بات ہے۔
آدھی رات کے قریب، ایک سردی والی رات تھی۔ چھوٹی سی کشتی میں ہم 25 کے لگ بھگ لوگ تھے، جو لمباي میں چار میٹر سے بھی کم تھی۔ ہمارے درمیان بہت سی خواتین اور بچے تھے۔
ہم کشتی پر سوار ہوئے، لیکن اس وقت ہم یورپ یا بہتر زندگی کے بارے میں نہیں سوچ سکتے تھے، سوائے موت کے۔
کشتی سمندر پار کرنے لگی۔ یہ 2–3 گھنٹے کا سفر نہیں تھا۔ ہم 6 گھنٹوں سے سمندر کے وسط میں تھے اور جو چیزیں ہم وہاں اپنے آس پاس دیکھ سکتے تھے، وہ اندھیرا اور مہلک پانی تھا۔ یہ وہی سمندر تھا جس نے ہزاروں افراد کو نگل لیا جنہوں نے ہمارے سامنے اسے عبور کرنے کی کوشش کی تھی۔
میں نے ایک چھوٹی سی بچی کا ہاتھ تھاما، جس کی عمر صرف تین سال تھی اور میں کبھی نہیں بھولوں گا جب اس نے مجھ سے کہا “انکل، میں ڈر رہی ہوں“۔ اسے کیسے پتہ چلا کہ خوف کیا ہوتا ہے؟ میں نے اسے کہا “ننی بچی اپنی آنکھیں بند کرو،” “اور خدا سے دعا کرو کہ صبح کے چھ بجے تک ہم پر کوئی برا وقت نہ آئے۔” خوش قسمتی سے، اس مہلک سمندر میں 6 گھنٹے گزارنے کے بعد ہم یونان پہنچ گئے، لیکن یہ سفر یہاں ختم نہ ہوا۔
میں یونان سے بہت پیار کرتا ہوں، لیکن مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہے کہ میں اس وقت تک یہاں نہیں رہ سکتا جب تک کہ میرا کنبہ اس مشکل صورتحال میں ہے اور اسے میری مدد کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، یونان میں میری زندگی مشکل ہوگئ ہے۔ 0
شام، افغانستان، پاکستان، عراق اور ان سارے ممالک کے بچوں کی زندگی تکلیف میں ہے جو جنگ کے نتیجے سے دوچار ہیں۔ ہم کبھی بھی امن کے بارے میں نہیں جانتے تھے اور نہ ہی ہم اپنے بچپن سے لطف اندوز ہوئے ہیں۔ ہم نوجوان ہوسکتے ہیں لیکن جنگ نے ہماری عمر کو اصل عمر سے کہیں زیادہ بنا دیا ہے۔
مجھے امید ہے کہ میرا اپنے کنبہ کے ساتھ یہاں ملاپ ہوجائے گا اور مجھے امید ہے کہ ہر بچہ کا اپنے کنبہ کے ساتھ ملاپ ہو جائے۔
Add comment